بنگلورو 14/اپریل (ایس اونیوز) آج وجے پور (بیجاپور) میں ایک 69سالہ شخص اور بنگلور میں ایک 65 سالہ شخص کی موت کے بعدریاست میں کووِڈ 19کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 13نئے معاملات سامنے آنے کی وجہ سے اب اس مرض سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 260 ہوگئی ہے۔
آج وجئے پور میں جس مریض کی موت ہوئی ہے وہ ریاست کا 257 واں کیس تھاجو کہ کیس نمبر221کی مریضہ کا شوہر تھا۔جبکہ بنگلور میں جس شخص کی موت ہوئی وہ مریض نمبر 252 تھا۔ بتایا گیا ہے کہ بنگلورو شہر میں موت کاشکار ہونے والا 65سالہ مریض سیویئر اکیوٹ ریسپیریٹری انفیکشن میں مبتلا تھا۔
ریاست کے موجودہ 260 معاملات میں 71 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے اور10 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ آج منگل کے دن صبح میں سامنے آنے والے 11نئے معاملات میں 7معاملے ایسے ہیں جو پہلے سے اس مرض میں مبتلا افراد کے رابطے میں آنے سے متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ آج موصول ہونے والی رپورٹ میں کیس نمبر 260 کا تعلق ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل سے ہے، بھٹکل میں ایک شخص کی رپورٹ پوزیٹو آنے کے بعد اُترکنڑا میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر دس ہوگئی ہے جس میں سے اب تک سات مریض صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔
بتاتے چلیں کہ ریاست کرناٹک میں کورونا سے متاثر سب سے زیادہ مریض بنگلور کے ہیں جہاں 69 معاملات سامنے آنے کے بعد دو لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 32 ڈسچارج بھی ہوئے ہیں، میسور 48 متاثرہ مریضوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جہاں سے 12 لوگ ڈسچارج بھی ہوئے ہیں بیلگاوی میں 18، کلبرگی میں 16، بیدراور چکبالاپور میں 13، بنگلور مضافات اور باگلکوٹ سے 12، دکشن کنڑا سے 11، اُترکنڑا سے 10، منڈیا سے8، وجئے پور سے 7، بلاری اور دھارواڑ سے 6، اُڈپی سے 3، داونگیرے اور ٹمکور سے 2 اور چتردرگہ، گدگ اور کورگے ایک ایک مریض کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔